Live Updates

گرانفروشی،ذخیرہ اندوزی اور ناپ تول میں کمی کی عوامی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر آلائی کی زیرصدارت تاجرتنظیموں کا اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 17:09

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) اسسٹنٹ کمشنر آلائی کی زیر صدارت کرگ اور بنہ بازار ایسوسی ایشن کے صدر اور نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی شکایات کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق مختلف ہدایات اور اصولوں سے بازار نمائندگان کو آگاہ کیا گیا۔شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں مہنگائی، ذخیرہ اندوزی، ناپ تول میں کمی، اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت سے متعلق متعدد عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں، ان شکایات کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے قیمتوں کے نفاذ، اشیاء کی معیار بندی، ناپ تول کے اصول اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نے تاجر نمائندگان کوہدایت کی کہ تحصیل آلائی میں تمام غیر معیاری چپس اور مشروبات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تمام تاجران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پراڈکٹ کی خریداری سے قبل تحصیل انتظامیہ آلائی سے جاری کردہ این او سی کی تصدیق کریں۔ تمام دکانداروں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی پراڈکٹس کی جانچ پڑتال مکمل کر کے فروخت کا عمل قانون کے مطابق بنائیں۔تمام پولٹری شاپس، ایل این جی (گیس) دکانیں، قصائی ، سبزی و پھل فروش، دودھ دہی فروش نرخنامے واضح طور پر آویزاں کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات