سیکرٹری داخلہ پنجاب کی انٹیلی جنس سینٹر آمد، محرم سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ

منگل 1 جولائی 2025 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پروونشل انٹیلیجنس سینٹر کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کنٹرول روم میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ افسران نے انہیں صوبے بھر میں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں 37087 مجالس اور 9825 جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جنہیں حساسیت کے مطابق A، B اور C کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تمام مقامات کو جیوٹیگ کیا گیا ہے اور انہیں جدید کیمروں کے ذریعے سینٹرل کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔محرم الحرام کے موقع پر ایک لاکھ دس ہزار پولیس اہلکار و افسران سکیورٹی پر مامور ہیں، جبکہ ان کی مدد کے لیے آرمی کی 59 اور رینجرز کی 79 کمپنیاں تعینات کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں 1421 ذاکرین کی ضلع بندی اور 809 کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ 1444 افراد کو شیڈول فور میں شامل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ فزیکل سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل سکیورٹی پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ سائیبر پٹرولنگ سیل سے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کی جا رہی ہے، اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے انتظامات کیلئے خصوصی ای پورٹل تیار کیا گیا ہے جو تمام اضلاع سے منسلک ہے اور رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ امن و امان کا قیام ہر حال میں ممکن بنایا جا سکے۔