بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا تین مراکز پر چھاپہ، خلاف ورزی پر مالکان کو جرمانہ اور زائد المعیاد سامان ضبط

منگل 1 جولائی 2025 23:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تین مراکز پر چھاپہ مار کر مالکان کو جرمانہ اور زائد المعیاد سامان ضبط کرلیا۔ منگل کے روز کوئٹہ شہر کے علاقے علمدار روڈ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ریسٹورنٹ کوزائد المعیاد مصنوعات رکھنے اور ایس او پیز کے خلاف ورزی پر دو جنرل سٹورز جبکہ گزشتہ ہدایات کے باوجود لائسنس کی عدم موجودگی پر ایک فوڈ یونٹ کو جرمانے عائدکردئیے۔

اتھارٹی حکام کے مطابق جرمانہ کیے گئے ریسٹورنٹ میں صفائی کے انتظامات ابتر، خوراک کی تیاری میں خراب و استعمال شدہ کوکنگ آئل کا مسلسل استعمال سمیت مختلف نقائص دیکھے گئے ۔مزید برآں جنرل سٹور سے پکڑی گئی ایکسپائرڈ اشیا ضبط کر کے دکانداروں کو ایس او پیز کے مطابق اشیا کا کاروبار کرنے اور اس مقصد کیلئے لازمی فوڈ بزنس لائسنس کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہزارہ ٹائون میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیم کی چیکنگ کی گئی اور ایک سپر سٹور سے زائد المعیاد خوردنی مصنوعات کی بڑی مقدار پکڑی گئی جس میں چاکلیٹس ، اچار ، بسکٹ ، کولڈ ڈرنکس اور غیر ملکی کیک وغیرہ شامل ہیں ۔ علاوہ گزشتہ ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور سابقہ جرمانوں کی عدم ادائیگی پر متعدد کھانے پینے کے مراکز مالکان کو وارننگ نوٹسز کا اجرا کردیا۔سپر سٹور مالک پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے تمام زائد المعیاد کھانے کی اشیا کو ضبط کر لیا گیا۔