ساہیوال،ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اور ڈی پی او رانا طاہر رحمان کامرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ

منگل 1 جولائی 2025 23:09

ساہیول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور جلوس کے روٹس پر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اور ڈی پی او رانا طاہر رحمان نے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ساہیوال واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنی کے سی ای او افتخار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، ڈی ایس پی رانا افتخار احمد اور چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے قصر بتول سے دیپال پور بازار، پاکپتن بازار، صدر چوک، لیاقت چوک اور کربلا روڈ تک جلوس کے تمام راستے کا پیدل معائنہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ہدایت کی کہ جلوس کے تمام راستوں پر صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے، سکیورٹی چیکنگ مکمل کی جائے اور جہاں کہیں ترقیاتی کام جاری ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کرکے ملبہ فوری ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جلوس کے دوران عزاداروں کی سکیورٹی، پانی کی سبیلوں، روشنی، صفائی اور دیگر سہولیات کے لیے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت بھی کی۔سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنی افتخار علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے تمام مرکزی جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور مجالس عزا کی جگہوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بارش کی صورت میں نکاسی آب کے فوری انتظامات، ڈی واٹرنگ سیٹس کی دستیابی، سیوریج لائنوں کی صفائی اور بجلی بند ہونے کی صورت میں جنریٹرز کو اسٹینڈ بائی رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔\378