سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ کی زیر صدارت پرانی لوکل بسوں کو ختم کرنے اور نئی بسیں چلانے بارے اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ حیات کاکڑ کی زیر صدارت عدالت عالیہ کی جانب سے کوئٹہ شہر میں پرانی لوکل بسوں کو ختم کرنے اور نئی ماڈل کی بسیں چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ ڈویژن محمد علی درانی، ڈی ایس پی ٹریفک لیگل سیف اللہ درانی اور متحدہ لوکل بس یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معزز عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلے جس میں پرانی لوکل بسوں کو ختم کرکے نئی بسیں چلانے پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیاکہ پرانے ماڈل کی بسوں کو 30 جون 2025 تک نئے ماڈل کی بسوں سے تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔تاہم اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مقامی ٹرانسپورٹرز پرانی بسوں کو تبدیل اور نئی بسیں لانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ جس پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ اور ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ کوئٹہ شہر میں چلنے والی پرانے ماڈل کی بسوں کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔