ڈپٹی کمشنر کا محرم الحرام کنٹرول روم کا دورہ، جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا جائزہ

منگل 1 جولائی 2025 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ڈی سی آفس میں قائم محرم الحرام کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سٹاف کی حاضری کو چیک کرنے کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کی نگرانی کی۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم میں بڑے سائز کی 25ایل سی ڈی نصب کی گئی ہیں 1400 سیف سٹی جبکہ مزید300سے زائد ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمروں کومنسلک کیا گیا ہے جن کے ذریعے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ،چوک گھنٹہ گھردیگر بازاروں اور مختلف علاقوں کے اہم جلوسوں اور مجالس اعزاء کے مقامات کی براہ راست کوریج کی جارہی ہے۔

مختلف میڈیا چینلز کی مانیٹرنگ پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے تاکہ میڈیا کی طرف سے مسائل کی نشاندہی کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم24 گھنٹے فعال ہے جس میں محکمہ پولیس،ریسکیو 1122،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن،سوئی گیس، پی ٹی سی ایل،فیسکو، سول ڈیفنس،ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کا سٹاف تین شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم جلوسوں و مجالس کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات و اطلاعات پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرکے اصلاح احوال اور مسائل کے بلاتاخیر ازالے کو یقینی بنایاجائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری محرم انتظامات کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور تعاون کریں اور راستوں کو سیل کرنے کے باعث درپیش مشکلات کو چند روز کے لئے صبر و تحمل سے برداشت کریں۔