آئی جی پنجاب نے ملازمین کے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے 23 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے، ترجمان

منگل 1 جولائی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اپنی فورس اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 23 لاکھ 45 ہزار روپے فنڈز جاری کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سکیورٹی کانسٹیبل ذکا اللہ کو چھاتی کے مرض کے علاج معالجے کیلئے 05 لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے۔

شہید ٹریفک اسسٹنٹ لیاقت علی خان کی اہلیہ کو جگر کی موذی بیماری کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔اے ایس آئی محمد شاہد علوی کو دل کے عارضہ، دفتری محمد ارشاد کو آنکھوں اور کارپورل تصور عباس کو گردے کی موذی بیماری کے علاج کیلئے فی کس 02 لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سب انسپکٹرز مبشر علی، محمد اسلم، کانسٹیبل محمد رمضان اور ڈرائیور کانسٹیبل صفدر ضمیر کو علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ فی کس دئیے گئے۔

اے ایس آئی جاوید اختر، کانسٹیبل عبدالرف اور ڈرائیور کانسٹیبل یاسر سہیل کو علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر 03 لاکھ 05 ہزار روپے دئیے گئے۔ اے ایس آئیز افتخار احمد، نعیم عباس، محمد جاوید اور کانسٹیبل جاوید اقبال کو علاج معالجے کی مد میں مجموعی طور پر 02 لاکھ 90 ہزار روپے فنڈز جاری کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجرا کی منظوری دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔