ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت مون سون کی ممکنہ سیلاب سے بچا کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 21:00

؛دکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت مون سون کی ممکنہ سیلاب سے بچا کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جن میں کمانڈر 87 ونگ لورالائی سکاٹس محمد حنیف، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دکی عاصم شفیع، تحصیلدار دکی عبدالرازق دمڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایکسین بی اینڈ آر (بلڈنگز/روڈز)، ایکسین محکمہ آبپاشی، ایکسین پی ایچ ای، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آ ئی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال، سوشل ویلفیئر، مائنز، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات، مشینری کی دستیابی، ریسکیو پلان، اور بین الادارہ جاتی رابطے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی اپنی حدود میں درپیش خطرات کا جائزہ لے کر فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دکی نے تمام اداروں کو اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان ترتیب دینے، اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ بروقت کارروائی اور مثر کوآرڈینیشن ممکن ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے، سڑکوں اور پلوں کی حالت بہتر بنانے، طبی سہولیات کی دستیابی، اور ایمرجنسی اسٹاک (ادویات، خوراک، خیمے وغیرہ) کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باقاعدہ فیلڈ وزٹ کریں، اپنی رپورٹیں روزانہ کی بنیاد پر پیش کریں، اور متعلقہ عملے کو ہمہ وقت الرٹ رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام ادارے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :