پنجاب پولیس محرم الحرام کے تناظر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف ان ایکشن

24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اًپ لوڈ کرنے کے 33 واقعات رپورٹ

منگل 1 جولائی 2025 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)پنجاب پولیس محرم الحرام کے تناظر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف ان ایکشن ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اًپ لوڈ کرنے کی33 واقعات رپورٹ ہوئے ۔

سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 18 مقدمات درج کر کے 20 قانون شکن گرفتار کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے 21 واقعات رپورٹ ہوئے ، واٹس ایپ کے 03 جبکہ 09 واقعات دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوئے ۔اب تک سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 34 مقدمات درج کیے گئے اور 37 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کے مرتکب عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور قابل اعتراض مواد کی تشہیر کے مرتکب عناصر کی سرکوبی یقینی بنا رہی ہے۔