صوبائی معاون خصوصی کی زیر صدارت سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈکے 108 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس،صنعتی ترقی کے حوالہ سے امور کا جائزہ

منگل 1 جولائی 2025 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت منگل کے روز سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ پشاور میں بورڈ کے 108 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سمال انڈسٹریز کے زیر انتظام صنعتی بستیوں کی ترقی،بورڈ کی پیشہ ورانہ امور کے فروغ اور پائدار صنعتکاری کے حوالے سے متعدد امور کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیئے گئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم مجیب الرحمٰن،منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ عبد الحمید خان،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز نعمان فیاض اور صاحبزادہ ذوالفقار،صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فضل مقیم اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کی چیئرپرسن رابعہ بصری سمیت بورڈ میں شامل دیگر سرکاری محکموں و اداروں کے افسران اور نجی شعبے سے وابستہ بورڈ ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بورڈ کی جانب سے منظوری کیلئے بورڈ کے مالیات،صنعتکاری،پیشہ ورانہ اور جاریہ امور کے حوالے سے نکات پیش کئے گئے اور اس سلسلے میں فورم نے فیصلے دئیے۔اجلاس میں بورڈ کی گزشتہ اِجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کے حوالے سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ماربل فضلے کو دوبارہ قابل استعمال لانے کی غرض سے ایس آئی ڈی بی کو کے پی ایزڈمک کیساتھ ملکر ایک قابل عمل ماڈل بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اسی طرح سوات میں صنعتی بستی کیلئے تجویز کردہ ارضی میں پلگ اینڈ پلے ماڈل کی سہولت بھی شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے ایس آئی ڈی بی میں واقع کمرشل مرکز کے نچھلے حصے کو رینٹ پر دینے کی غرض سے ہدایت کی کہ اس معاملے کے ریٹ جائزہ کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے رجوع کیا جائے اور قواعد کو اپناتے ہوئے اسے مشتہر کیا جائے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے مالی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے پائیداری اور خود انحصاری کے لئیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ یہ ادارہ صوبے میں صنعتکاری کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں بلا کسی تعطل جاری رکھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد و محور صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے تاکہ یہاں پر روزگار اور کاروبار کیلئے وسیع مواقع میسر ہو سکیں اور پسماندہ طبقات کو معاشی لحاظ سے اٹھایا جا سکے۔ اس سلسلے میں کوشش کی جائے گی کہ یہاں پر کاروبار اور صنعتکاری کیلئے ماحول کو آسان اور سازگار بنایا جائے۔