ملتان پولیس نے ماہ جون کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

منگل 1 جولائی 2025 22:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ضلعی پولیس ملتان نے ماہ جون کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی زیر نگرانی ملتان پولیس نے ماہ جون کے دوران کرائم کنٹرول کرنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کل 34 گینگ کے 83 ارکان گرفتار کر کے 01 کروڑ 77لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیاجس سے ضلع بھر میں جرائم میں واضح کمی آئی ۔

پولیس ترجمان کے مطابق ماہ جون کے دوران ملتان پولیس کی جانب سے 4511 سرچ آپریشن کئے گئے ہیں۔آپریشن کے دو ر ان غیرقانونی اسلحہ کے 124 مقدمات درج کر کے 124ملزمان کو گرفتار کر کے 03 رائفل، 04 گنز ، 03 ریوالور، 111 پسٹل، 1 کلاشنکوف اور 400 گولیاں بھی برآمد کی گئیں جبکہ منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 283 مقدمات درج کر کے 286 ملزمان کوگرفتار کر کے ساڑھے 13 کلو گرام سے زائد آئس، ساڑھے 13 کلو گرام ہیروئن، 85 کلو گرام چرس، 13370 بوتل شراب، 07 چالوبھٹی اور 25 کلو گرام بھنگ برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ملتان پولیس نے قمار بازی میں 26 مقدمات درج کرکے 140 ملزمان کو گرفتار کر کے 01لاکھ 83ہزار وٹک رقم برآمد کر لی جبکہ پتنگ بازی کے خلاف ملتان پولیس نے رواں ماہ میں 04مقدمات درج کرکے 04 ملزمان کو گرفتار کیا اور190سے زائد پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں۔ماہ جون کے دوران ملتان پولیس نے کل 531 مجرمان اشتہاری گرفتار کیے جس میں سے 65 اے کیٹیگری اور 466 بی کیٹیگری جبکہ 35 عدالتی مفروران گرفتار کیے جبکہ رہائی یافتہ عادی مجرمان کو بھی گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اس حوالے سے سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور پولیس کی جانب سے موثر پٹرولنگ پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جبکہ پولیس موبائل، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ کی گشت بڑھا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس کی جانب سے کرائم کنٹرول کرنے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔