اقوام متحدہ ایلچی عدن پہنچ گئے ، یمن میں سیاسی جمود ختم کرنے پر زور

میں یمنی فریقوں کے ساتھ سنجیدہ اور گہرے مذاکرات کا منتظر ہوں، بیان

بدھ 2 جولائی 2025 14:39

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یمن، ہانس گرونڈبرگ جنوبی شہر عدن پہنچ گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد دیے گئے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے ایلچی نے ملک میں جاری سیاسی جمود کو ختم کرنے کے لیے جرات مندانہ اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت تمام فریقوں سے سنجیدہ عملی اقدامات کا تقاضا کرتا ہے تاکہ سیاسی عمل کو بچایا جا سکے اور اسے ایک جامع حل کی طرف لے جایا جا سکے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک وڈیو پیغام میں گرونڈبرگ نے کہا اگرچہ علاقائی کشیدگی اور چیلنجوں کے باوجود یمن میں نسبتا سکون ہے، مگر یہ ایک قیمتی موقع ہے جسے سیاسی عمل کو تقویت دینے اور اقتصادی و سیکیورٹی مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا میں یمنی فریقوں کے ساتھ سنجیدہ اور گہرے مذاکرات کا منتظر ہوں، کیونکہ حالات مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ہمیں فوری اور مثر فیصلوں کی اشد ضرورت ہے جو یمنی عوام کے لیے ایک محفوظ اور پر امن مستقبل کی امید کو بحال کریں۔گرونڈبرگ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مرحلے کی پیچیدگیوں کے پیش نظر، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کوششوں کو دوگنا کرنا نا گزیر ہے تاکہ پائے دار حل تک پہنچا جا سکے۔ انھوں نے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر یمنی عوام کے مفاد کو ترجیح دینے اور انسانی و اقتصادی میدانوں میں ٹھوس پیش رفت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔