سعودی عرب کا مصر میں سوڈانی مریضوں کے لیے صحت کا نیا منصوبہ

تین بنیادی اہداف پر مشتمل منصوبے پر قاہرہ، اسوان، اسکندریہ سمیت پانچ شہروں میں عملدرآمد جاری

بدھ 2 جولائی 2025 15:41

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)سعودی عرب نے مصر میں گردوں کی خرابی میں مبتلا سوڈانی مریضوں کی مدد کے لیے ایک بڑے طبی منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ یہ منصوبہ عالمی ادار صحت اور مصر کی وزارتِ صحت کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 90 ہزار سے زائد ڈائیلاسز سیشنز فراہم کیے جائیں گے، جب کہ مکمل طبی اور دوائیوں کی سہولیات بھی مصری ہسپتالوں میں دستیاب ہوں گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیرانتظام قاہرہ، الجیزہ، اسکندریہ، الاقصر اور اسوان جیسے بڑے شہروں میں نافذ کیا جائے گا۔منصوبے کے تین بنیادی مقاصد ہیں، سوڈانی مریضوں کو فوری اور زندگی بچانے والی طبی سہولیات کی فراہمی، ان علاقوں میں طبی اداروں کا تعین جہاں سوڈانی پناہ گزینوں کی تعداد زیادہ ہے اور اور علاج تک مستقل اور قابلِ بھروسا رسائی کو یقینی بنانا شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مصر کے وزیرِ صحت ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے کہا کہ یہ منصوبہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر، مصری وزارتِ صحت اور عالمی ادار صحت کے درمیان بہترین اشتراکِ عمل کی ایک مثال ہے، جس کا مقصد سوڈانی مریضوں کی تکلیف کم کرنا ہے۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے بین الاقوامی طبی اقدامات کے لیے دی جانے والی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔عرب لیگ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبدالعزیز المطر نے کہا کہ مرکزِ شاہ سلمان برائے امداد و ریلیف اس وقت خطے اور دنیا بھر میں انسانی امداد کے سب سے بڑے اداروں میں شمار ہوتا ہے اور عالمی ریلیف اقدامات میں ایک اہم شراکت دار بن چکا ہے۔

مرکز میں صحت اور ماحولیاتی امداد کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن صالح المعلم نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب کی اس مستقل پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت دنیا بھر میں انسانیت کی مدد کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف سوڈان کے لیے اب تک 165 ملین ڈالر سے زائد کی امداد دی جا چکی ہے، جو سعودی عرب کی انسانی ہمدردی پر مبنی خارجہ پالیسی کی ایک واضح علامت ہے۔