امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری کی تاجر رہنماؤں کے وفد سے ملاقات

تاجروں کا معاشی قتل ناقابلِ قبول، جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے‘ضیاء الدین انصاری

بدھ 2 جولائی 2025 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) تاجر رہنماؤں کے ایک نمائندہ وفد نے جماعت اسلامی لاہور کے دفتر ساندہ روڈ پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں نے حکومت کی تاجر دشمن پالیسیوں، اندرونِ لاہور میں 7 ہزار دکانوں کی ممکنہ مسماری، اور موجودہ معاشی دباو پر تفصیلی بریفنگ دی۔

تاجر رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے جاری کاروبار دشمن اقدامات کو ’’منظم معاشی قتل‘‘قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی سے احتجاجی تحریک میں ساتھ دینے کی اپیل کی۔ وفد کا کہنا تھا کہ ''پنجاب حکومت مغلیہ دور کی دکانیں گرا کر کون سا تاریخی ورثہ بچانا چاہتی ہی اورنااہل حکومت پرانا لاہور دفن کرنے پر تلی ہوئی ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے تاجروں کی بات سُننے کے بعد ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ جماعت اسلامی ان کے جائز مطالبات کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور احتجاجی تحریک میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ تاجروں کو دیوار سے لگانے کی حکومتی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔ ہزاروں دکانیں گرانا صرف عمارتیں نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار کو مسمار کرنا ہے۔امیر لاہور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ عوام کی سہولت کے لیے نہیں بلکہ عالمی قرض دہندگان کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔ تاریخی لاہور کا حسن برباد کر کے ترقی کے دعوے کرنا محض خود فریبی ہے۔

ملاقات میں جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیز عابد بھی شریک تھے۔ضیاء الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب بلڈوزر کی سیاست بند کرے اور بات چیت کا راستہ اپنائے۔ چھوٹے تاجروں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے،۔ جماعت اسلامی ہر اس آواز کے ساتھ ہے جو ظلم اور ناانصافی کے خلاف اٹھے گی۔