شاہد نذیرچوہدری لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر بن گئے

بدھ 2 جولائی 2025 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے چیمبر کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا ہے کیونکہ لاہور چیمبر کے صدر اور سینئر نائب صدر کی ذاتی مصروفیات ہیں۔ شاہد نذیر چوہدری ایک تجربہ کار تاجر رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محض دلاسوں یا زبانی دعوؤں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ حکومت کی طرف سے عملی اقدامات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی آواز مضبوطی کے ساتھ بلند کرتے رہیں گے تاکہ کاروباری طبقے کو متاثر کرنے والے غیر منصفانہ اقدامات کا خاتمہ ہو اور ترقی دوست پالیسیاں متعارف کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور تاجر برادری نے قائم مقام بننے پر شاہد نذیر چودھری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ قائم مقام صدر کی حیثیت سے شاہد نذیر چوہدری حکومت کے ساتھ پالیسی سطح پر مضبوط روابط برقرار رکھنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے جس میں بھاری ٹیکسوں، توانائی کی بلند قیمتوں، ریگولیٹری رکاوٹوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو درپیش مسائل شامل ہیں۔ شاہد نذیر چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر نجی شعبے اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط پٴْل کے طور پر اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا تاکہ پاکستان میں کاروبار دوست ماحول اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔