ڈی سی بہاولپور کی زیر صدارت غیر قانونی طریقے سے ایل پی جی سلنڈرز کی ری فلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس

بدھ 2 جولائی 2025 18:59

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت غیر قانونی طریقے سے ایل پی جی سلنڈرز کی ری فلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی و صدر، محکمہ سول ڈیفنس، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، محکمہ تعلیم، موٹر وے پولیس، پٹرولنگ پولیس، ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والوں اور ری فلنگ کا غیر قانونی کاروبارکرنے والوں کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کے عمل کو روکنے کے لیے ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی بھرپور انداز میں کردار ادا کرے اور کمیٹی کے اراکین فیلڈ میں موثر انداز میں کارروائیاں عمل میں لائیں ۔