صوبائی وزیر سید فخر جہان سے سکوائش کھلاڑی نورزمان کی ملاقات ، پانچ لاکھ روپے انعام سے نوازا

بدھ 2 جولائی 2025 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان سے عالمی شہرت یافتہ سکوائش کھلاڑی اور انڈر 23 ورلڈ چیمپئن نور زمان نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر کھیل نے نور زمان کو عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے اور کئی سالوں بعد ورلڈ چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیر کھیل سید فخر جہان نے نور زمان کی تاریخی کامیابی پر انہیں پانچ لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا اور ان کی محنت، جذبے اور کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ نور زمان جیسے نوجوان کھلاڑی ہماری قوم کا فخر ہیں اور حکومت خیبرپختونخوا مستقبل میں بھی ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہترین مواقع فراہم کئے جائیں،اس ضمن میں ہم وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے کھیلوں کے فروغ سے متعلق وژن کے مطابق ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ خیبرپختونخوا کھیلوں کا مرکز بن سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نےکہا کہ صوبائی حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھے گی تاہم کھلاڑیوں کو بھی چاہیے کہ وہ ایونٹس میں اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔