حکومت کے معاشی فیصلوں نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے،شمسہ مہ جبین

پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ ہر چیز کو متاثر کر رہا ہے، صدائے انسانیت ویلفیئر

بدھ 2 جولائی 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ان معاشی فیصلوں نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ مہنگائی کا بوجھ عام آدمی کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے، اور لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ ہر چیز کو متاثر کر رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے ہیں، اشیائے خورونوش مہنگی ہو چکی ہیں، جبکہ مزدور، ریڑھی بان اور سفید پوش طبقہ شدید کرب میں مبتلا ہے۔شمسہ مہ جبین نے مزید کہا کہ صدائے انسانیت کو روزانہ ایسے خاندانوں کی دہائیاں موصول ہو رہی ہیں جو راشن، دوا اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ سراسر ظلم ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور غریب عوام کے لیے سبسڈی یا ریلیف پیکج کا اعلان کرے تاکہ بنیادی زندگی گزارنا ممکن ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ صرف دعووں اور اعلانات سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔ عملی اقدامات اور ہنگامی ریلیف پروگرام اب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں۔ اگر یہی حالات رہے تو غربت اور بے روزگاری مزید بڑھ جائے گی، اور معاشرتی بے چینی میں اضافہ ہو گا۔شمسہ مہ جبین نے صاحبِ استطاعت افراد اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ ان مشکل حالات میں ضرورت مندوں کی مدد کریں تاکہ معاشرتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔