بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو6 ماہ قید کی سزا

جمعرات 3 جولائی 2025 09:30

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مفرور سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو عدالت کی توہین کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی، جو کہ ان کی برطرفی کے بعد پہلا فیصلہ ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 77 سالہ شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں چلنے والی تحریک کی کامیابی کے بعد ہمسایہ ملک انڈیا فرار ہو گئی تھیں اور انہوں نے ڈھاکہ واپس آنے کے عدالتی احکامات کو نظرانداز کر دیا۔

(جاری ہے)

چیف پراسکیوٹر محمد تاج الاسلام نے عدالت کے فیصلے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ جس دن وہ بنگلہ دیش واپس آئیں گی یا عدالت سرنڈر کریں گی، اس دن سے سزا کا اطلاق ہوگا۔یہ مقدمہ ان بیانات سے متعلق تھا جو استغاثہ کے مطابق شیخ حسینہ نے اقتدار سے برطرف ہونے کے بعد دیے تھے، جن میں انہوں نے مبینہ طور پر جاری عدالتی کارروائیوں میں گواہوں کو دھمکایا تھا۔تاج الاسلام کے مطابق پراسیکیوشن ٹیم کا ماننا ہے کہ ان کے بیان سے ان لوگوں میں خوف کی فضا پیدا ہوئی جنہوں نے مقدمات دائر کیے اور جو بطور گواہ پیش ہو رہے ہیں۔اسی مقدمے میں ان کی جماعت عوامی لیگ کے ایک اور مفرور رہنما شکیل اکندا بلبل کو دو ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

متعلقہ عنوان :