دیر، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جے یو آئی کے ضلعی امیرجاں بحق،اہلیہ شدید زخمی

ملزمان نے مفتی حبیب اللہ حقانی کو ان کے گھر میں گھس کر گولیاں مار کر قتل کیا، حبیب اللہ حقانی کی نماز جناہ آج دوپہر 2 بجے کو بین بالا سکول براول میں ادا کی جائے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 11:16

دیر، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جے یو آئی کے ضلعی امیرجاں بحق،اہلیہ ..
دیر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)جے یو آئی کے ضلعی امیر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، نامعلوم ملزمان نے مفتی حبیب اللہ حقانی کو ان کے گھر میں گھس کر گولی مار کر قتل کیا،فائرنگ کے نتیجے میں مفتی حبیب اللہ موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

حبیب اللہ حقانی کی نماز جناہ آج دوپہر 2 بجے کو بین بالا سکول براول میں ادا کی جائے گی،بتایاگیاہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف)کے تحصیل براول کے امیر مفتی حبیب اللہ حقانی گزشتہ شب اپنے گھر میں موجود تھے کہ اچانک نامعلوم افراد گھس میں آئے اور اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کاکہناہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ملزمان کی گرفتار ی کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیاجارہاہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے جبکہ فضا سوگوار ہو گئی ہے۔جمعیت علمائے اسلام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما اور ممتاز عالم دین مفتی شاہ میر بزنجو جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعہ تربت کے علاقے ملک آباد میں مسجد کے اندر پیش آیا جب مفتی شاہ میر نماز تراویح ادا کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق مسلح افراد نے مفتی شاہ میر پر اس وقت حملہ کیا جب وہ مسجد میں امام کے پیچھے پہلی صف میں کھڑے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر گر گئے جبکہ امام مسجد بھی زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ کے بعد مسجد میں بھگدڑ مچ گئی، اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیاتھا تاہم مفتی شاہ میر سر اور جبڑے میں گولیاں لگنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے تھے۔قبل ازیں بھی بلوچستان کے علاقے زہری میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما غلام سرور اپنے ساتھی سمیت قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔بتایاگیاتھاکہ نامعلوم مسلح افراد نے تراسانی کے مقام پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں جے یو آئی کے رہنما غلام سروراپنے ساتھی امان اللہ سمیت شہید ہوگئے،حملے میں غلام سرور کا گن مین زخمی بھی ہوا تھا۔