سعودی عرب کی مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری کے اعلان کی شدید مذمت

اسرائیلی وزرا کے اشتعال انگیز بیانات بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے، وزارت خارجہ

جمعرات 3 جولائی 2025 16:21

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ بیان بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ نے اپنے دیرینہ مقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو وسعت دینے کی ہر کوشش کو مسترد کرتا ہے اور اسرائیلی حکام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب اپنے فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے تحت اپنے جائز حقوق حاصل کر سکیں، جن میں 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانا شامل ہے۔ وزارت خارجہ نے اس مقف کو مملکت کا مستقل اور غیر متزلزل اصول قرار دیا۔