ریاست کا مستقبل ہنر مند نوجوانوں سے جڑا ہے،سردارعامرالطاف خان

ٹیوٹا میں اب ہیوی مشینری آپریشن اور جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں ،وزیر حکومت

جمعرات 3 جولائی 2025 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن ومسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ ریاست کا مستقبل ہنر مند نوجوانوں سے جڑا ہے ہم نے فنی تعلیم کے سب سے بڑے ادارے ٹیوٹا (TEVTA) کو جدید خطوط پر استوار کر دیا ہے جہاں نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے بلکہ ملکی معیشت کا فعال ستون بھی بنایا جا رہا ہے ٹیوٹا میں اب ہیوی مشینری آپریشن اور جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں جو صرف ایک ڈپلومہ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے دنیا بھر میں کھلتے روزگار کے دروازے ہیںہمارے نوجوان صرف ڈگری کے پیچھے بھاگتے رہے اب وقت ہنر کا ہے بدقسمتی سے ہمارے نوجوانوں کو کبھی یہ نہیں بتایا گیا کہ ہنر تعلیم جتنا ہی اہم ہے یہی وجہ ہے کہ ہزاروں نوجوان آج ڈگریاں تھامے بے روزگار ہیں جبکہ فنی مہارت رکھنے والے نوجوان اندرون، بیرون ملک ہنر مندی کی بنا پر روزگار سے منسلک ہیں اور بھاری زرمبادلہ کماتے ہیں ہمارے نوجوانوں کی ساری توجہ روایتی تعلیم پر مرکوز رہی ہے جبکہ عملی اور فنی تعلیم کو نظر انداز کیا گیا یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہزاروں نوجوان ڈگریاں لیے بے روزگار گھوم رہے ہیںان کی توانائی کا ضیاع ہو رہا ہے مگر اب ہم نے ان کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے دروازے کھول دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں نوجوان ڈگریاں لے کر فارغ ہوتے ہیں مگر مارکیٹ میں ان کے لیے نہ ملازمت ہوتی ہے نہ عملی مہارت اس کے برعکس وہ نوجوان جو ٹیوٹا یا دیگر اداروں سے ہیوی مشینری یا دیگر فنی کورسز مکمل کرتے ہیں وہ چند ماہ میں نوکری یا کاروبار شروع کر لیتے ہیں آج کا دور ہنر مندی کا دورآئی ٹی کا دور ہے دنیا آگے نکل چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اب جدید ٹیکنالوجی صنعتوں کے اشتراک اور بین الاقوامی معیار کے انسٹرکٹرز کی مدد سے ایک مثالی ادارہ بنتا جا رہا ہے ہم نے نہ صرف کورسز کا معیار بلند کیا بلکہ اسے عالمی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکنیکل افراد کی شدید قلت ہے جس میں ہنر مند وں کی ضرورت ہے وہ کمی پوری کی جا سکتی ہے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر۔

عامر الطاف خان نے کہایہ کورسز صرف تربیت نہیںبلکہ ایک دروازہ ہیںہم ان نوجوانوں کو نہ صرف ہنر دے رہے ہیں بلکہ ایک کامیاب زندگی کی راہ دکھا رہے ہیں فنی تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو لاکھوں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور ملک کو مستحکم معیشت دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے وقت کو ضائع نہ کریں بلکہ ٹیکنیکل فیلڈ میں داخل ہو کر نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کریں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی کردار ادا کریںہم نے نوجوانوں کی سوچ بدلنی ہے ان کو صحیح راستہ دکھانا ہے تاکہ وہ ایک کامیاب شہری بن کر معاشرے کو بھی بہتر بنا سکیں