پشاور، کمشنرپشاورسے تاجررہنما وں کے وفد کی ملاقات ، محرم الحرام سمیت تمام امورمیں تعاون پراتفاق

جمعرات 3 جولائی 2025 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) کمشنرپشاورڈویژن ریاض خان محسود سے تاجر رہنما ظفر خٹک کی سربراہی میں اندرون شہر کے تاجروں کے بیس رکنی وفد نے محرم الحرام کے حوالے سےملاقات کی ۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں اندرون شہر کے تاجروں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے سمیت تمام امورمیں تعاون کا یقین دلایا ۔

تاجرنمائندوں نے اپنے اپنے بازاروں کے مسائل کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کو آگاہ کیا جس میں سینما روڈ میں ٹریفک کی روانی میں حائل ورکشاپس کی منتقلی، اندرون شہر پانی کے پریشر میں اضافے، پشاوراپ لفٹ پروگرام کے تحت اندرون شہر کی تاریخی گلیوں کی مرمت اور تزئین و آرائش، اندرون شہرغیرمعیاری دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی، نمک منڈی میں ٹریفک جام کے خاتمے، سٹی سرکلر روڈ پر بی آر ٹی سروس شروع کرنے، کوہاٹ روڈ پر بی آر ٹی سروس کو بڈھ بیر تک توسیع دینے اور اندرون شہر نشے کے عادی باقی ماندہ افراد کو تحویل میں لے کر بحالی مراکز منتقلی شامل ہیں سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاورڈویژن ریاض خان محسود نے تاجروں کی جانب سے مسائل کی نشاندھی پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے رپورٹ طلب کرلی۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ محرم الحرام کے فوراً بعد اندرون شہران کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، بلدیاتی اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران موجود ہونگے اور تاجروں کو درپیش دیگر مسائل ان کے دہلیز پرحل کئے جائیں گے ۔