صوبائی حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، وزیر مذہبی امور

جمعرات 3 جولائی 2025 18:19

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) وزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب چودھری شافع حسین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ خود پنجاب بھر میں جلوسوں،مجالس اور انکے سیکیورٹی انتظامات کو مانیٹر کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد کے دورے کے دوران امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹیوں کے اراکین،علمائے کرام اور معاشرے کے دیگر سرکردہ افراد امن و امان کے قیام،ملی یکجہتی،باہمی رواداری،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔اسلام امن،بھائی چارہ،یکجہتی اور سلامتی کا دین ہے اور اس میں بد امنی،دہشتگردیاور شر پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی کوارڈ نیٹر،ایم این اے سائرہ افضل تارڑ،کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی،آر پی او طیب حفیظ،ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی،ڈی پی او عاطف نذیر سمیت مختلف محکموں کے افسران،امن کمیٹی کے اراکین شریک ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں جلوسوں،مجالس اور عزاداروں کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،عزاداروں کے لیے ٹھنڈے،میٹھے پانی کی سبیلیں لگائی جا رہی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ مقامی علمائے کرام،امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر سر کردہ افراد امن دشمن،شر پسند عناصر پر کڑی رکھیں تاکہ ہمارا ملک امن کا گہوارہ اور دہشتگردی سے محفوظ ہو سکے۔

انکا کہنا تھا کہ عوام سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد،جھوٹی خبروں پر دھیان مت دے اور نہ ہی ایسی کوئی خبر،ویڈیو یا پیغام شیئر کرے۔ صوبائی وزیر نے مرکزی امام بارگاہ فوارہ چوک،امام بارگاہ حسین پورہ اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔