ذکر حسین ملکی سالمیت کا ضامن ہے ، روکنا نہیں عام کرنا چاہئے،طارق احمد جعفری

عزاداری امام مظلوم اطاعت و بندگی میں قوت و طاقت پیدا کرتی ہے، ترجمان تحریک نفاذ فقہ جعفریہ

جمعرات 3 جولائی 2025 18:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ ذکر حسین ملکی سالمیت کا ضامن ہے لہذا ذکر حسینؓ کو روکنا نہیں عام کرنا چاہئے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی حسینیت کی مرہون منت ہے ،فلسفہ عزاداری جذبہ ایثار و قربانی کو زندہ جاوید رکھنا ہے عزاداری امام مظلوم اطاعت و بندگی میں قوت و طاقت پیدا کرتی ہے، تاریخ انسانی اصحاب حسینی کی وفاکی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے جنہوں نے حسین ابن علی کے چراغ بجھا دینے پر بھی فرزند رسول ؐ کو چھوڑ جانا گوارہ نہ کیا اور اپنی جانیں نواسہ رسولؐ کی تاسی میں شریعت محمدیؐ بچانے کیلئے وار دیں،بلوچستان بھر میں محرم سیکورٹی انتظامات عمومی طور پر لائق تحسین ہیں حکومت نویں اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے بھی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ساتویں محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساتویں محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جس پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں اورامید کرتے ہیں اسی طرح نویں ،دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کو بھی فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اورجلوس کے روٹس پر صفائی اور لائٹس کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

طارق احمد جعفری نے کہا کہ قرآن مجید سرچشمہ ہدایت ہے جو تمام انسانیت کے دکھوں،تکالیف اور مشکلات کا حل پیش کرتا ہے جس کی عملی تفسیر محمدو آل محمدؐ کے پاکیزہ کردار سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکیزہ ہادیانِ دین نے ہر دور میں قرآنی تعلیمات اور اسلام کے ابدی اصولوں کی سربلندی کیلئے لازوال اوربے مثال قربانیاں پیش کیں جن کے طفیل آج پرچم اسلام پوری دینا میں لہرارہا ہے انہوں نے کہا کہ فرزند رسول اما م حسین نے میدان کربلا میں تقویٰ کو جو معراج عطا کی تا ریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے،حسین بدی کے مقابل صف آراء ہوئے،عدل کو سربلند کیاانسانی اقدارکی لاج رکھی،صبر کا استعارہ بن گئے اور سجدہ خالق میں سر کٹا دیا۔

انہوں نے کہاکہ خداوندِعالم نے رسولؐ خدا کیلئے ابوطالب کی پناہ کو اپنی پناہ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابو طالب نے حضوراکرمؐ کا نہ صرف ہر طرح خیال رکھا بلکہ آپ کی تربیت بھی کی اور اشاعت اسلام میں جس طرح نصرت واعانت کی وہ عالم انسانیت کیلئے مشعلِ نور ہے۔

متعلقہ عنوان :