پنجاب کے دریا خطرے کی سطح کے قریب، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

جمعرات 3 جولائی 2025 19:18

پنجاب کے دریا خطرے کی سطح کے قریب، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے 6 جولائی سے صوبے میں شروع ہونے والے مون سون کے طاقتور سسٹم کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 جولائی سے پنجاب کے تمام بڑے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جب کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

مری اور گلیات کے ولنریبل علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی کنٹرول روم کے ساتھ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24/7 نگرانی جاری ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے 1122 سمیت تمام ریسکیو اداروں کو مشینری اور عملے سمیت تیار رہنے کا حکم دیتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر حادثات چھتوں اور پرانی عمارتوں کے گرنے سے ہوتے ہیں، شہری بچوں کو نشیبی علاقوں اور کھلے پانی کے قریب نہ جانے دیں، جبکہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جائے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔