محکمہ ہاؤسنگ میں سٹریٹیجک پلاننگ یونٹ قائم، منصوبہ بندی اور مانیٹرنگ مزید مضبوط

جمعرات 3 جولائی 2025 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت محکمہ ہاؤسنگ میں جامع اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے سٹریٹیجک پلاننگ اینڈ امپلی مینٹیشن یونٹ (SPIU) قائم کر دیا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بہتر پلاننگ، مؤثر مانیٹرنگ اور تکنیکی جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔

سٹریٹیجک یونٹ تمام پراجیکٹس کے اہم تکنیکی پہلوؤں کا تجزیہ منظوری سے قبل کرے گا، جس سے منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو فروغ ملے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید بتایا کہ محکمانہ احتساب بورڈ، ہائی لیول سرچ کمیٹی، اور کوالٹی ایشورنس کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔سرچ کمیٹی کی مدد سے تمام اہم عہدوں پر اہلیت، شفافیت اور میرٹ کو بنیاد بنایا جائے گا، جبکہ منصوبوں کی ریسرچ اور پلاننگ کے لیے ماہر کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

نورالامین مینگل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے نوجوان انجینئرز کے لیے انٹرنشپ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت انہیں فیلڈ میں تربیت اور انتظامی امور کا عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا۔سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ تمام افسران کی استعدادکار بڑھانے کے لیے تربیتی سیشنز اور ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ پراجیکٹس کی پائیدار تکمیل اور بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے بھر میں یکساں ترقی اور عوامی فلاحی منصوبے پنجاب حکومت کی ترجیح ہیں، اور SPIU کا قیام اسی سمت ایک اہم قدم ہے۔