نیشنل بینک دالبندین میں اے ٹی ایم مشین کی عدم موجودگی، صارفین کو مشکلات کا سامنا

جمعرات 3 جولائی 2025 22:09

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)نیشنل بینک آف پاکستان کی دالبندین برانچ کئی دہائیوں سے علاقے کے عوام کو مالی خدمات فراہم کر رہی ہے، اور ہمیشہ ایک قابلِ اعتماد اور فعال بینک کے طور پر پہچانی گئی ہے۔ یہاں ہزاروں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، پنشنرز کی رقم، اور مقامی تاجروں و ٹھیکیداروں کے مالی معاملات اسی برانچ کے ذریعے انجام پاتے ہیں۔

تاہم ایک بنیادی سہولت کی مسلسل عدم فراہمی صارفین کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے ظ برانچ میں اے ٹی ایم مشین کی عدم دستیابی۔دیگر بینکوں کی طرح اگر نیشنل بینک دالبندین برانچ میں بھی اے ٹی ایم نصب ہوتا تو عوام کو ماہانہ تنخواہوں اور مالی لین دین کے لیے طویل قطاروں میں کھڑا ہونے کی اذیت نہ اٹھانا پڑتی۔

(جاری ہے)

خاص طور پر یکم تاریخ کو جب رش عروج پر ہوتا ہے، بزرگ شہری، خواتین، اور دور دراز سے آنے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیشنل بینک دالبندین برانچ کے عملے کا رویہ ہمیشہ خوش اخلاق اور معاون رہا ہے۔ برانچ سے صارفین کو کوئی شکایت نہیں، بلکہ صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ اے ٹی ایم کی سہولت جلد از جلد فراہم کی جائے تاکہ عوام کو سہولت ہو اور بینک کے عملے کا دباؤ بھی کم کیا جا سکے۔عوامی، سماجی اور کاروباری حلقے نیشنل بینک آف پاکستان کے مرکزی و صوبائی حکام سے پٴْر زور اپیل کرتے ہیں کہ دالبندین برانچ میں فوری طور پر کم از کم دو اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں تاکہ صارفین کو جدید بینکنگ سہولت میسر آ سکے، اور ادارے کا مثبت تاثر مزید مضبوط ہو۔