فیصل آباد ڈولفن فورس کی کارروائی، 31 خطرناک اشتہاریوں سمیت درجنوں جرائم پیشہ افرادگرفتار

جمعرات 3 جولائی 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) فیصل آباد ڈولفن فورس نے گزشتہ ماہ جون کے دوران 31 خطرناک اشتہاریوں سمیت درجنوں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ سی پی او بلا ل عمر کی ہدایت پر ڈولفن فورس نے گزشتہ ماہ جون کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے31 خطر ناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔

ریکارڈ یافتہ 92 ملزمان اور عدالتی مفروران 11 ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔غیر قانونی اسلحہ کیخلاف 44 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جس میں پسٹل، رائفلز، بندوقیں، کلاشنکوف، کاربینز، رپیٹرز، ریوالورز اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف 53 کارروائیاں کی گئیں جن میں چرس،ہیروئن، افیون، آئس، بھکی، شراب اور لہن بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ون ویلرز کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان گرفتار،چوروں اور ڈکیتوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے 20 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے طلائی زیورات، نقدی، متعدد موبائل فونزاور ڈکیتی اور چوری شدہ 112 وہیکلز بر آمد کی گئیں۔ ڈولفن فورس نے اسنیپ چیکنگ کرتے ہوئے110010 اشخاص، 91311موٹر سائیکلوں اور 22828 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ فورس نے 2 گمشدہ بچوں کوتلاش کر کے ورثا کے حوالے کیا۔ کمیونٹی پولیسنگ کرتے ہوئے 228 اشخاص کی مدد کی گئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈولفن فورس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ قانون کی بالا دستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھر پور ایکشن لیا جارہا ہے۔