گ*تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں، لاہور کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کا عزم

ڈی سی لاہور کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشنز، 21 ٹرک سامان ضبط

جمعرات 3 جولائی 2025 22:15

+لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ حال ہی میں، باغبان پورہ، شادی وال، جوہر ٹاؤن، شالیمار اور ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشنز کیے گئے، جس کے نتیجے میں 21 ٹرک سامان ضبط کیا گیا اور متعدد عوامی مقامات کو تجاوزات سے واگزار کرایا گیا۔

ان کارروائیوں سے شہر کی خوبصورتی بحال ہوئی ہے اور سڑکیں تجاوزات سے پاک ہو گئی ہیں، جو حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور لاہور کو ایک صاف ستھرا شہر بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

ڈی سی لاہور نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں تاکہ شہر کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔ ان آپریشنز کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کے لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے وڑن کو عملی جامہ پہنانا ہے، اور اس سلسلے میں قانون کی سختی سے پاسداری یقینی بنائی جا رہی ہے۔