Live Updates

ئ*کمشنر لاہور زید بن مقصود کا محرم انتظامات کے جائزہ کیلئے لیسکو ہیڈ کوارٹرکا دورہ

جمعرات 3 جولائی 2025 22:15

ٰلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) کمشنر لاہور زید بن مقصود نے محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لیسکو ہیڈآفس کادورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کمشنر لاہور کو محرم الحرام کیلئے کئے جانے والے انتظامات اور لیسکو کے جاری آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف انجینئر آپریشنز لیسکو ندیم ملک،ڈائریکٹر آپریشنزاعجاز بھٹی،چیف انجینئر ڈویلپمنٹ عمران محمود،ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کمشنر لاہورزید بن مقصود کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے دوران بارش کی صورت میں الیکٹریفکیشن سے بچاو کیلئے لیسکو ٹیمیں ایڈوانس پارٹی میں موجود ہونگی جبکہ ہر مرکزی جلوس کے ہمراہ ایس ای لیسکو اپنی ٹیم کے ساتھ خود موجود ہوگا۔

(جاری ہے)

سی ای او کا کہنا تھا لیسکو مرکزی کنڑول آفس سے محرم کیلئے لیسکو ٹیموں کی مانیٹرنگ و کنٹرولنگ جاری ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے بتایا کہ لیسکو بجلی چوری کیخلاف ایکشنز کیلئے ضلع و سب ڈویڑنز سطح پر کام کررہا ہے۔اس موقع پر کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا تھا محرم جلوس کے دوران بجلی کی بلاتعطل ترسیل کیلئے پلان بی اور بیک اپ ناگزیر ہے،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ضروری ہے، 9,8 اور 10محرم کے جلوسوں و مجالس کے اوقات کے مطابق بجلی ترسیلی و حفاظتی میکانزم کو فعال رکھا جائے۔

کمشنر لاہورنے کہاکہ محرم کے مرکزی جلوسوں کے گرد واسا کی تنصیبات کو بھی لوڈشیڈنگ سے مبرائ رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بجلی چوری قومی خزانے کا نقصان ہے اس کے خلاف بھرپور ایکشن ضروری ہے،لیسکو کو تمام آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ کی سپورٹ حاصل ہوگی،بارش کے دنوں میں بجلی کی تاروں کے گرنے یا کھمبوں میں کرنٹ آنے والے ایریاز کو پیشگی مانیٹر کیا جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات