دالبندین فصیل کالونی میں زور دار دھماکہ، ایک جاں بحق، تین زخمی

جمعرات 3 جولائی 2025 23:15

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)دالبندین فصیل کالونی میں زور دار دھماکہ، ایک جاں بحق، تین زخمی۔پولیس کے مطابق دالبندین کے علاقے فصیل کالونی، ایسٹرن بائی پاس کے قریب شام تقریباً چھ بجے ایک کباڑ دوکان میں زور دار دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی چاغی محمد عثمان سدوزئی اور ڈی ایس پی عابد شیرزئی جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے موقع کا جائزہ لیا اور تفتیشی کارروائی کی نگرانی کی۔ بعد ازاں ایس پی محمد عثمان سدوزئی ڈسٹرکٹ اسپتال گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، دھماکہ ایک کباڑ کی دکان میں ہوا، جہاں ایک بچہ پرانے سامان سے کھیلتے ہوئے اچانک دھماکے کی زد میں آ گیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کباڑ فروش نے لاعلمی میں کوئی دھماکہ خیز یا پریشرائزڈ مواد خرید لیا تھا، جو بچے کے ہاتھ لگنے سے پھٹ گیا۔مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ علاقے کو سیل کر کے تفتیش جاری ہے۔ایس پی محمد عثمان سدوزئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جائے وقوعہ سے دور رہیں، کیونکہ مزید دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :