اسرائیلی وزیر قومی سلامتی کا ایک بار پھر غزہ پر مکمل قبضے کا مطالبہ

جمعہ 4 جولائی 2025 11:00

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے ایک بار پھر غزہ پر مکمل قبضے، امدادی سامان کی ترسیل روکنے اور غزہ کے لاکھوں مکینوں کو وہاں سے نکالنے کی حوصلہ افزائی کا مطالبہ کیاہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کی خواہش ایک سنگین غلطی ہے، ہمیں ایک لمحے کے لئے بھی نہیں رکنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مکمل فتح حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور غز ہ کی پوری پٹی پر قبضہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں انسانی امداد کو روکنے اور ہجرت کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، ایسے معاہدوں کی نہیں جو صرف جزوی نتائج حاصل کرتے ہیں۔ اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کو دیئے گئے ایک علیحدہ بیان میں اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیرنے زور دیا کہ ان کا قیدیوں کے تبادلے کے اس معاہدے اور جنگ بندی کی حمایت کا کوئی ارادہ نہیں ہے جو حکومت کے ایجنڈے پر ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت کو لاپروا قرار دیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ سموٹریچ سے بھی اپیل کی کہ وہ ممکنہ معاہدے کو ناکام بنانے میں ان کے ساتھ شامل ہو جائیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ غزہ میں حقیقی فتح حاصل کرنے کا یہ ایک تاریخی موقع ہے ۔