امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بل منظور کرلیا

جمعہ 4 جولائی 2025 15:18

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)امریکی سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بل پاس کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات سے متعلق بگ بیوٹی فل بل امریکی ایوان نمائندگان نے منظور کرلیا۔بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے۔اب یہ بل دستخط کے لیے صدر ٹرمپ کو بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائٹ ہائوس کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بل پر جمعے کو شام 5 بجے دستخط کریں گے۔اس سے قبل یہ بل امریکی سینیٹ میں بھی صرف ایک ووٹ کی برتری سے پاس ہوچکا ہے ۔بل کے منظور ہونے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ بگ بیوٹی فل بل کی منظوری پر کانگریس کو مبارکباد دیتاہوں، بل کے ذریعے معیشت تیزی سے ترقی کریگی۔ٹرمپ نے کہا کہ میرا پہلا دور حکومت انتہائی کامیاب رہا، دوبارہ منتخب ہونے کے بعد معیشت ترقی کر رہی ہے۔