آگرہ ، بی جے پی رہنما کی تاج محل کے باہر فائرنگ

جمعہ 4 جولائی 2025 16:52

آگرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے ایک رہنما نے تاج محل کے مغربی دروازہ پرواقع پارکنگ کے پاس ’یلو زون بیریئر‘ کے قریب فائرنگ کی ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملزم پنکج کمار سنگھ تاج محل کے مغربی دروازے پر آرٹیگا کار سے پہنچا تھا۔ اس نے خود کوبھارتی حکومت کا افسر بتا کر تاج محل کے دروازے تک گاڑی لے جانے کی بات کی، لیکن پولیس نے اسے آگے نہیں جانے دیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد پنکج نے ریوالور سے 3 ہوائی فائرکیے، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔فائرنگ کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا۔واقعے کے بعد سے پولیس ملزم کو تلاش کر رہی تھی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اب پنکج کمار سنگھ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ پنکج کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ بی جے پی کا رہنما ہے اور لائف انشورنس کارپوریشن سے بھی وابستہ ہے۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے لائسنسی ریوالور اور کارتوس کے تین کھوکھے بھی برآمد کیے ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے ایسا جواب دیاجو حیران کرنے والا ہے۔ اس نے کہا کہ اس کا جی چاہا،اس لیے فائرنگ کی ۔فائرنگ کا یہ واقعہ پیر کی صبح کو پیش آیا ہے۔