ای چالاننگ اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کیلئے ٹریفک پولیس اور ایکسائز کا مشترکہ کام کرنے کا فیصلہ

جمعہ 4 جولائی 2025 18:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء) پنجاب میں ای چالاننگ اور ٹوکن ٹیکس کی موثر وصولی کے لیے ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز نے ڈیٹا انٹیگریشن کا فیصلہ کر لیا ۔ اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کی جانب سے سیکرٹری ایکسائز کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک کا دبائو تیزی سے بڑھ رہا ہے، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چیکنگ کے لیے ایکسائز اور ٹریفک پولیس کے ڈیٹا کو ایپس کے ذریعے منسلک کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، بہتر انفورسمنٹ کے لیے دونوں محکمے مشترکہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت کام کریں گے۔

اس کے علاوہ گاڑی کی نمبر پلیٹ اسکین کرتے ہی تمام متعلقہ معلومات فوری دستیاب ہو جائیں گی، ایکسائز رجسٹریشن کے دوران شہریوں کا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر لازمی درج کیا جائے گا تاکہ چالان اور ٹیکس سے متعلقہ اطلاعات براہِ راست فراہم کی جا سکیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ٹوکن ٹیکس اور ای چالانز کی وصولی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور دونوں محکموں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن ممکن ہوگی۔