وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس

جمعہ 4 جولائی 2025 21:53

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت سڑکوں کی حالت جانچنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر جان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند، سیکرٹری آئی ٹی ایاز مندوخیل اور سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ مجوزہ AI بیسڈ سسٹم بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں روڈ نیٹ ورک کی ڈیجیٹل نگرانی کو ممکن بنائے گا، جس سے سڑکوں کی حالت زار کا بروقت اور درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی نگہداشت ایک بڑا چیلنج ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ روایتی نظام کی بجائے اب سمارٹ اور ڈیجیٹل حل اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے، اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے مالی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہر منصوبے کو زمینی حقائق کے مطابق مکمل کیا جائے گا اور سڑکوں کے معیار، مدت اور پائیداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔آخر میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ AI نظام کے قابل عمل ہونے سے متعلق مزید مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔