میونسپل کارپوریشن اور کنٹریکٹرز مل کر سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

جمعہ 4 جولائی 2025 19:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اور ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے پسپ منصوبے کے پروگرام ڈائریکٹر عمر جاوید کے ہمراہ سرکی بازار، غلہ منڈی، ڈسپنسری روڈ اور جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی، سٹی مینجر محمد اسجد خان، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران انہوں نے سیوریج مسائل کا جائزہ لیا اور انہیں فوری حل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور کنٹریکٹرز مل کر سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کو کلیئر کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن اور پسپ حکام باہمی رابطہ میں رہیں۔

دورے کے دوران جی ٹی روڈ پر جاری سیوریج لائن بچھانے کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک نے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ بارشوں کے موسم میں عوام کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی جگہ پر روزانہ پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے تاکہ گردوغبار سے شہریوں کو پریشانی نہ ہو اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے ڈسپنسری روڈ کے اطراف صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ پروگرام ڈائیریکٹر عمر جاوید نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ان پر بروقت عمل درآمد سے شہریوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔\378