پارہ چنارکو دیگر شہروں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بندکردی گئی

مسافروں نے مجبور ہوکرسامان کے ہمراہ پارہ چنار کی طرف 60کلومیٹر کا طویل سفر پیدل شروع کردیا

جمعہ 4 جولائی 2025 19:55

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)صوبائی دارالحکومت پشاور ودیگر زیریںشہروں سے قبائلی ضلع کرم کے صدرمقام پارہ چنارکو ملانے والی واحد مرکزی شاہراہ ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے قریب تور پل کے مقام پرہر قسم کی ٹریفک کے لئے مکمل طورپر بندکردی گئی جس کے باعث شدید گرمی میںمسافروں نے مجبور ہوکراپنے سامان کے ہمراہ پارہ چنار کی طرف تقریباً ساٹھ کلومیٹر کا طویل سفر پیدل شروع کردیا۔

صورتحال معلوم ہونے پر اپر کرم کے ایم پی اے علی ہادی عرفانی نے مقامی حکام سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مرکزی شاہراہ کی بندش کی اطلاع عوام تک بروقت نہیں پہنچائی جاسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو زحمت اٹھانی پڑرہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے عاشورہ محرم کے موقع پر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرکے 8 محرم بروز جمعہ سے 11 محرم بروزپیر تک ٹل پارہ چنار مرکزی شاہراہ ضلع ہنگو کے شہر ٹل کے قریب تورپل کے مقام پر ہرقسم کی آمدورفت کے لئے مکمل طورپر بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل وحرکت معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی شاہراہ بندش کے نتیجے میں دیگر شہروں سے ضلع کرم میں اپنے آبائی علاقوں تک جانے والے شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں اور مایوسی کے عالم اور شدید حبس اور گرمی میں مسافروںنے پاراچنار کی طرف تقریباً ساٹھ کلومیٹر کا طویل اور تھکا دینے والے سفر کا پیدل آغاز کر دیا ہے۔ان مسافروں نے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ان کی مشکلات کا ازالہ کرکے انہیںاپنے آبائی علاقوں تک بحفاظت پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔