سمیڈانے خواتین کی کاروباری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے جائیکا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے

جمعہ 4 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے پنجاب کے غیر رسمی اقتصادی شعبے میں خواتین کاروباریوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا اور جائیکا وفد کی سربراہ کوما ہاشی رائی نے سمیڈا ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سی ای او سمیڈا مسٹر سقراط امان رانا نے جائیکا مشن کا خیرمقدم کیا اور خواتین تاجروں کی معاشی ترقی کے لیے مذکورہ معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تاجروں کی ترقی پاکستان میں صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں کی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاہدے کے مقاصد کے حصول کے لیے جائیکا کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جائیکا مشن کی سربراہ کوماہاشی رائی نے دستخطوں کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدام میں سمیڈا کے ساتھ شراکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک چیلنجنگ منصوبہ ہے لیکن یہ منصوبہ مائیکرو لیول کی خواتین کاروباریوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک تاریخی اقدام ثابت ہوگا۔