رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ کا ویرووالہ یونین کونسل کا دورہ ، جاری ترقیاتی كاموں كا جائزہ

جمعہ 4 جولائی 2025 21:30

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے ویرووالہ یونین کونسل کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی كاموں كا جائزہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دورہ کا مقصد حال ہی میں تعمیر ہونے والی سڑک کے معیار کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کا بغور معائنہ کیا،معائنے کے دوران سڑک میں ناقص میٹریل کے استعمال پر، حنا ارشد وڑائچ نے موقع پر ہی متعلقہ ٹھیکیدار کی شدید سرزنش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی امانت میں خیانت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،عوامی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری انفراسٹرکچر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔