ساہیوال ، مختلف مقامات سے 8 طا لبات کا اغوا ء، اما م مسجد ،بہنوئی ، سمیت 18 ملزموں کیخلاف مقدمات درج ،6 گرفتار

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:23

ساہیوال ، مختلف مقامات سے  8 طا لبات کا اغوا ء، اما م مسجد ،بہنوئی ، سمیت ..
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) ضلع ساہیوال سے آٹھ طا لبات کو اغوا کر لیا گیا امام مسجد شاگرد کو لے کر فرار ہوگیا، مقدمات درج کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔چک 85 چھ آر میں ا حسن جبار اینگرو فوڈ ملازم کی بہن 16 سالہ شمائلہ طالبہ کو مولانا محمد ارشد امام مسجد نے اغوا کر لیا اور فرارہوگیا ۔شمائلہ اپنی بھتیجی کو مسجد لینے گئی توامام مسجد نے اغوا کر لیا۔

محلہ ر اج پورہ میں مقبول حسین تاجر کی بیٹی 16 سالہ طالبہ شائستہ مقبول کو ٹیوشن سے گھر آتے ہوئے زبردستی حیدر نے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کر لیا اور کار میں ڈال کر فرار ہو گئے۔چک 57 پانچ ایل میں محمد اقبال کی 13 سالہ بیٹی طالبہ عائشہ کو ماجد ماجو نامعلوم کے ہمراہ گھر سے زبردستی صبح چار بجے اغوا کر کے لے گئے ۔

(جاری ہے)

محمد اقبال نے ملزم ماجد ماجو کی بکریاں چوری کی تھی جس کا بدلہ لینے کے لیے اس کی بیٹی کو اغوا کر لیا ۔

جناح ٹاؤن ہڑپہ میں محمد احمد دوکاندار کی بیٹی ایمان مشتاق اکیڈمی پڑھنے گئی تو نا معلوم ملزم اغوا کر کے کار میں فرار ہو گئے۔وارڈ نمبر 17 محمد آباد چیچہ وطنی میں نور بی بی کی بیٹی نجمہ طالبہ کو ایکس ایل آئی کار میں سوار محمد منیر اور اس کے دو ساتھی اغوا کر کے لے گئے ۔کریسنٹ گرلز کالج حیات آباد میں سجاد حسین کی بہن رابعہ اکرم کالج پڑھنے گئی تو نامعلوم ملزم اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے موٹرسائیکلوں پر لے گئے ۔

چک 93 بارہ ایل میں محمد اصغر ورکشاپ مکینک کی بیٹی ثانیہ امام کو اس کے گھر سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پا مال کرتے ہوئے عدنان شبیر مغل اس کے بہنوئی نے ارسلان شبیر اور دو نامعلوم ملزموں کے ہمراہ اغوا کر لیا اور کار میں ڈال کر لے گئے۔چک 118 بارہ ایل میں پطرس مسیح کی بھانجی شازیہ یوسف کو وقار مسیح ،پرویز مسیح باپ بیٹے نے اغواکر لیا اور جاتے ہوئے ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات بھی لے گئے۔

پولیس فریدٹاؤن ، غلہ منڈی، یوسف والا ، ہڑپہ، چیچہ وطنی سٹی، شاہکوٹ اور کسووال نے احسن جبار ،مقبول حسین، محمد اقبال، محمد احمد، نور بی بی، سجاد حسین، محمد اصغر اور پطرس مسیح کی مدعیت میں8 مقدمات365 بی، ت پ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے ابھی تک کوئی طالبہ بر آمد نہیں ہو سکی۔