پنجاب کے355 سرکاری کالجز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم اور محکمہ انرجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:28

پنجاب کے355 سرکاری کالجز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) پنجاب کے 355 سرکاری کالجز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کے تحت محکمہ تعلیم اور محکمہ انرجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر کے 355 سرکاری کالجز میں مجموعی طور پر 18825 کلو واٹ کی صلاحیت کے سولر سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔ منصوبہ 2940 ملین روپے کی لاگت سے تین مراحل میں 2028 تک مکمل کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے ذریعے سالانہ 24.47 ملین یونٹس بجلی پیدا ہوگی جس سے 1.34 ارب روپے کی سالانہ بچت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ایم او یو کے مطابق کالجز میں 135 الیکٹرک وہیکل چارجنگ سنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔ محکمہ انرجی پنجاب کے 6 محکموں کی عمارات کی سولرائزیشن میں بھی معاونت فراہم کرے گا جنہیں مجموعی طور پر 2770 کلو واٹ صلاحیت پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ منصوبہ توانائی کے موثر استعمال، اخراجات میں کمی اور ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد توانائی کے مجموعی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ بجلی کے استعمال میں 42 فیصد تک بچت ممکن ہوگی۔ صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ یہ اقدام پنجاب میں گرین انرجی کلچر کے فروغ کا باعث بنے گا۔