گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان سے پاکستان میں نئے تعینات آسٹریا کے سفیر کی ملاقات

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:23

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان سے پاکستان میں نئے تعینات آسٹریا کے سفیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے آسٹریا کے سفیر وولف گینگ اولیور کٹچیراWolfgang Oliver Kutscheraنے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے آسٹرین سفیر کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و تجارتی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دو طرفہ تعلقات باہم احترام اور تعاون کے رشتے پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت,توانائی ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے دوست ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنایاہے۔

اُنہوںنے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ آسٹرین کمپنیاں دریائے چناب اور جہلم پر ہائیڈل پراجیکٹ لگارہی ہیں جس سے قرب و جوار کے لوگوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس اس پراجیکٹ کی پایہ تکمیل میں آپ کے ساتھ ہے۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اورہمارا منشور روٹی، کپڑا اور مکان ہر غریب آدمی کو میسر ہونا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں مہنگی بجلی غریب آدمی کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔آسٹرین سفیر نے کہا کہ پاکستان میں ان کی یہ پہلی تعیناتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لاہور آکر بہت خوشی ہوئی اور پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے۔ ملاقات کے اختتام پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آسٹرین سفیر کو یادگاری شیلڈ بھی دی ۔اس موقع آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل بھی موجود تھے۔