امامِ عالی مقام کی لازوال قربانی کو سپاسِ عقیدت پیش کرنے کیلئے عزاخانوں میں مجالس و ماتمی جلوسوں کا سلسلہ 8 محرم کو بھی جاری رہا

جمعہ 4 جولائی 2025 22:15

ؑ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء) امامِ عالی مقام اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو سپاسِ عقیدت پیش کرنے کیلئے دیگر شہروں کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی امامبارگاہوں اور عزاخانوں میں مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جمعہ 8 محرم کو بھی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رہا۔ اس مناسبت سے آٹھ محرم علمدار لشکرِ حسینی حضرت عباس علیہ السلام کے علمِ مبارک کیجلوس برآمد کیئے گئے اور نیاز وتبرک میں حاضری حضرت عباس کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

شہر بھر میں درجنوں مقامات سے شبیہ علمِ مبارک کے روایتی جلوس برآمد کیے جبکہ عشرہ محرم الحرام کی مجالس کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ امام بارگاہ قصرِ خدیجہ الکبری ترلائی کلاں اسلام آباد میں عشرہ محرم کی مجلس سے علامہ باقر علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا میں نواسہ رسول نے حضرت عباس کو علم عطا فرماکر تا ابد شرفِ علمداری مولا عباس کے نام کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حضرت عباس کا کربلا میں جہاد اطاعت امام، صبر و استقامت اور وفا شعاری کا نورانی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفائے حضرت عباس ضرب المثل اور وفا شعاروں کے صحیفہ وفا کی مانند مینارہ نور ہے۔مجلس کے اختتام پر شبیہ علم مبارک برآمد کیا گیا اور نوحہ خوانی وپرسہ داری کی گئی۔ ٹی این ایف جے پنجاب کے نائب صدر سید طفیل سبزواری کی جانب سے رہائش گاہ سید محمد علی سبزواری D-951 سیٹلائٹ ٹاؤن میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا اور علم عباس علمدار برآمد کیاگیا اور ماتم داری کی گئی، اس موقع پر نیاز تبرک اور سبیل حسینی کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

علی مسجد راولپنڈی میں علامہ سید قمر حیدر زیدی، مولانا وقار حسین نقوی، حسن رضا کیانی نے خطاب کیا۔ امام بارگاہ قصرِ ابو طالب میں علامہ بشارت حسین امامی نے امام بارگاہ دربار سخی شاہ پیارا چوہڑ ہڑپال میں علامہ انوار کاظم،سید عون عباس،ذاکر سید حسن ظہیر نے خطاب کیا۔ عزاء خانہ مسلم ابنِ عقیل ڈھوک سیداں میں شاعر اہلِ بیت سلمان ناصر، ذاکر جرار عباس نے خطاب کیا۔

مرکزی امامبارگاہ جامعہ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں مفسرہ قران سیدہ عبید الزہرا موسوی ایڈووکیٹ، قصر ابوطالب عزاخانہ زینبیہ میں خطیبہ آل نبی سیدہ بنت علی موسوی، امامبارگاہ زین العابدین علامہ سید قمر زیدی، امام بارگاہ ناصر العزا میں حافظ تصدق حسین نے عشرہ محرم الحرام سے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں سیرت و کردار نواسہ رسول امام حسین اور حضرت عباس علمدار کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔ امام حسین اور حضرت عباس علمدار کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔