عوامی خدمت، گڈ گورننس اور ضلعی سطح پر سروس ڈیلیوری میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

جمعہ 4 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سروس ڈیلیوری اور مفاد عامہ کے امور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن اور ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنعم کو "حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ" سے نوازا ہے وزیر اعلیٰ نے دونوں افسران کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، گڈ گورننس، اور ضلعی سطح پر سروس ڈلیوری میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ایسے افسران جو اپنی ذمہ داریوں کو خلوص، دیانت اور پیشہ ورانہ قابلیت سے ادا کرتے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اچھی طرزِ حکمرانی کا قیام مضبوط اور فعال ضلعی انتظامیہ کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دیگر افسران کو بھی تلقین کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور میرٹ و شفافیت کو یقینی بنائیں وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ تمام اضلاع کے افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ پیش رفت دکھائیں گے تاکہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔