مظفرگڑھ، مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق 18زخمی

جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں بس ڈرائیور بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گیا، زخمیوں ولاشوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا، بس جھنگ سے علی پور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی، حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 جولائی 2025 11:12

مظفرگڑھ، مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق 18زخمی
مظفرگڑھ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05جولائی 2025)مظفرگڑھ کے علاقے لنگرسرائے کے قریب مسافربس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم،6 افراد جاں بحق 18زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ بس ڈرائیور بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔پولیس ترجمان کے مطابق بس جھنگ سے علی پور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔

پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بس جھنگ سے علی پور جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ترجمان پولیس مظفرگڑھ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر موجود رہے اور صورت حال کا جائزہ لیتے رہے۔ریسیکیو 1122 کے تعاون سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ڈی ایس پی و ایس ایچ او نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے تھے جب کہ حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے جائے حادثہ کو کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔حکام نے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وادی نیلم میں گاڑی دریامیں جاگری تھی۔حادثے میں خواتین سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری کی نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔گاڑی میں سوار خاندان کا تعلق مظفرآباد سے تھا۔ بتایاگیاتھا کہ وادی نیلم میں کریم آباد کے مقام پرگاڑی کو موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ پیش آیاتھاجس کے نتیجے میں 5خواتین سمیت6جاں بحق ہوگئے تھے۔ڈی ڈی ایم اے نیلم کے مطابق دریائے نیلم میں چلہانہ کے مقام پر گاڑی گہری کھائی میں جاگری تھی۔

حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے تمام چھ افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا تھا۔ڈی ڈی ایم اے نیلم کا کہنا تھا کہ حادثے میں ایک بچہ لاپتہ ہے جس کی تلاش کیلئے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں آپریشن جاری رکھے ہوئے تھے۔انہوں نے یہ بھی کہاتھاکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں دشوار گزار راستے اور اندھیرے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔