ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا کا محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سےقائم کنٹرول روم کا دورہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 16:44

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکورٹی اور انتظامی امورکی موثر نگرانی کے لیے کنٹرول روم کا قیام بہت اہمیت کا حامل ہے۔ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا محمد شہزاد آصف خان نے محرم الحرام کے انتظامات و سیکورٹی کے حوالے سےقائم کئے گئے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے کنٹرول روم میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجیٹل مانیٹرز، ریکارڈنگ و دیگر جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہیں آج 9 محرم کے مرکزی جلوس کے تمام روٹس کی لائیو مانیٹرنگ دکھائی گئی۔ آر پی او نے مختلف کیمروں کے ذریعےجلوسوں کے شرکاء، پولیس و دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی اور صفائی و روشنی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا اور سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول روم میں تعینات سٹاف سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال پر فوری ایکشن لیا جائے۔

ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ کنٹرول روم انتظامی و سکیورٹی کا محور ہے، جہاں سے تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ہر صورت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئےامن و امان کی فضاء برقرار رکھی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، پولیس، صحت اور دیگر ادارے جلوسوں کے دوران ہمہ وقت الرٹ رہیں اور خاص کر جلوسوں کے آغاز سے اختتام تک ہر مقام پر صفائی، روشنی، پانی کی فراہمی، ایمبولینس وغیرہ کی موجودگی کو یقینی بنائیں جبکہ محرم الحرام کے بقیہ ایام کے دوران نگرانی اور رابطے کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودہا محمد صہیب اشرف ، ایس پی انوسٹی گیشن جاوید اختر جتوئی ، ایس پی ہیڈکوارٹر ضیاء اللہ، ایس پی ہائی ویز یوسف چیمہ، ڈی ایس پی ٹریفک ودیگر افسران بھی موجود تھے۔