یوم عاشورہ 10 محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی ڈویژن بھر میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات

ہفتہ 5 جولائی 2025 16:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) راولپنڈی 5 جولائی(اے پی پی)راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے آج یوم عاشورہ 10 محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی ڈویژن بھر میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات کئیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرسی ای او رانا ساجد صفدر کی قیادت میں عاشورہ کے جلوس اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی آپریشنز جاری ہیں۔

مرکزی جلوس کے روٹس جن میں فوارہ چوک، راجہ بازار، وارث خان روڈ، بنی چوک، جامع مسجد روڈ، کرنل مقبول روڈ، گنج منڈی،بوہڑ بازاراور قدیمی امام بارگاہ شامل ہیں، ان پر مکینیکل سوئیپنگ، پریشر واشنگ، لائم لائننگ، چونے کا چھڑکاؤ اور سپرے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔جلوس کے دوران کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لییمکمل عملہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور عملہ دو شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔جلوس کے آغاز سے قبل صفائی مکمل کر دی گئی ہے، اور ورکرز جلوس کے ساتھ ساتھ مسلسل موجودرہیں گے تاکہ کوڑا فوری تلف کیا جائے گا،جلوس کے اختتام پر ایک بار پھر زیرو ویسٹ آپریشن مکمل کیا جائے گا۔مزید برآں، گزشتہ روز صوبائی وزیرِ صہیب احمد بھرتھ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ضیا اللہ شاہ،کمشنر راولپنڈی عامر خٹک،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ،اے سی سٹی ایمان ظفر اور سی ای او رانا ساجد صفدر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی، سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی ای او( آر ڈبلیو ایم سی )رانا ساجد صفدر نے بریفنگ دی کہ تمام جلوس روٹس پر مینوئل اور مکینیکل صفائی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ویسٹ کنٹینرز کی واشنگ،نالیوں کی صفائی، اور جلوس گزرگاہوں پر چونے کا چھڑکاؤ کر دیا گیا ہے۔موبائل واشنگ یونٹس،ویسٹ کلیکشن پوائنٹس اور اضافی کنٹینرز ہر اہم مقام پر تعینات ہیں راولپنڈی شہر کے ساتھ ساتھ چکوال، تلہ گنگ، جہلم، مری اور اٹک میں بھی عاشورہ کے تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس، اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی آپریشن مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مری میں ورکرز متحرک ہیں، جبکہ اٹک میں ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے فیلڈ ٹیمز کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر نے سینئر منیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال کے ہمراہ مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور موقع پر موجود ٹیمز کو ہدایت دی کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عاشورہ کے دوران صفائی کے لیے حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں، کوڑا کرکٹ مقررہ جگہ پر ڈالیں، صفائی عملے سے تعاون کریں اور ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔