چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں تاریخی اصلاحات،بچوں کو تحفظ کے ساتھ باعزت روزگار کی فراہمی کا آغاز

18 سال کی عمر کے بعد بچوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے‘ چیئرپرسن سارہ احمد

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور رہنمائی کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں اہم اصلاحاتی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرپرسن سارہ احمد کی زیرِ سرپرستی ادارے نے نہ صرف بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ ان کی بحالی، خودمختاری اور ہنرمندی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق پہلی مرتبہ بیورو میں مقیم بچوں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جو کہ بیورو کی ایگزٹ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ اب 18 سال کی عمر کے بعد بچوں کو مختلف ہنر سکھا کر معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے۔ادارے کی تربیتی اور بحالی اسکیموں کے تحت مختلف شعبوں میں بچوں کو ہنر سکھایا جا رہا ہے جن کے نتیجے میں وہ باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

معروف ہئیر سیلون برینڈ Tony & Guy سے تربیت مکمل کرنے کے بعد 7 بچوں کو روزگار حاصل ہوا۔ نرسنگ کورس مکمل کرنے والی 3 بچیاں شالامار ہسپتال میں ملازمت انجام دے رہی ہیں۔ سویٹ افیئرز سے تربیت حاصل کرنے والی 6 بچیاں کامیابی سے اپنی بیک شاپ چلا رہی ہیں جبکہ ڈپلیکس بیوٹیشن برینڈ سے کورس مکمل کرنے والی 6 بچیوں نے بھی ملازمت حاصل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ، ماریہ بی برینڈ میں تربیت مکمل کرنے والے 6 بچے اسی برینڈ میں برسرِ روزگار ہیں۔

فن کو میں 4 اور فلیٹیز ہوٹل میں 2 بچوں نے شیف کورس مکمل کرنے کے بعد ملازمت حاصل کی۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے 21 بچے اور بچیاں میرٹ پر بیورو میں ہی ملازمت حاصل کر چکے ہیں، جو کہ ادارے کی تربیت، اعتماد اور بہترین نگرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سارہ احمد کا کہنا تھا کہ بیورو کا مقصد صرف پناہ دینا نہیں بلکہ بچوں کو باعزت زندگی کی طرف گامزن کرنا ہے۔ ''ہم بچوں کو ہنر مند، خودمختار اور باوقار شہری بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔'یہ اصلاحات پنجاب حکومت کے اس عزم کا واضح اظہار ہیں کہ وہ معاشرے کے کمزور ترین طبقے کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔